جھوٹے نعرے لگانے والے سابقہ کارکردگی کا حساب دیں، سراج الحق

402
accountability day

دیر :امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ باجوڑ میں نوجوان امیدوار کو سفاکیت سے قتل کردیا گیا ، قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، حکومت شہریوں کو امن فراہم کرنے کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام ہوگئی۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  سراج الحق نے کہاکہ  عوام مایوس ہیں ، انہیں جان ومال کا تحفظ نہیں، کاروبار تباہ ہوچکے ہیں، مہنگائی ، بے روزگاری کے طوفان نے لوگوں کے لیے سانس لینا دشوار کردیا، جماعت اسلامی خیبر پختوانخواہ اور بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن اور ترقی کا انقلاب لائے گی، ریاست کے وسائل عوام پر خرچ کریں گے، گرین پاسپورٹ کی عزت بحال کی جائے گی۔

انہوں  نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں قوم پر مسلط حکمرانوں نے کردار ادا کیا، آئندہ بہتری لانے کے وعدے کرنے والے ماضی کی ناکامیاں تسلیم کریں، جھوٹے نعرے لگانے والے سابقہ کارکردگی کا حساب دیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستا ن کا کہنا تھا کہ  حکمران اشرافیہ نے پاکستانیوں پر ہر طرح کا عذاب مسلط کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ، یہ اربوں کے قرضے لے کر خود ہڑپ کرگئے ، سات دہائیوں سے پاکستانی عوام پر ظلم جاری ہے ، قوم کے پاس حساب چکانے کا موقع ہے ، 8فروری کو ترازو پر مہر لگاکرمافیاز اور خاندانوں کی بادشاہت سے نجات حاصل کریں۔

امیر جماعت نے کہا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی سو سال بھی اقتدار میں رہیں تو ملک میں ترقی اور خوشحالی نہیں آ سکتی۔ قوم پر مہنگائی، بے روزگاری، غربت مسلط کرنے والی سابقہ حکمران پارٹیوں کو باریا ں لگانے کا کوئی حق نہیں۔ حکمران خود عیاشیاں کرتے ہیں عوام کو کہتے ہیں صبر کرو، ان کی گاڑیوں میں جلنے والا تیل غریبوں کا خون پسینہ ہے۔