اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، پڑوسی ملک کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق 5 فروری کو پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، یہ دن بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، تربت اور زاہدان میں رابطہ افسران تعینات کرنے پر اتفاق ہوا،ایران میں 9 پاکستانیوں کا قتل دہشتگردی ہے،پاکستان نے ایران سے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ سائفر کے ذریعے ہونے والی رابطہ کاری انتہائی محفوظ ہے، حال ہی میں سائفر کمیونیکیشن نظام کا سیکیورٹی آڈٹ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سائفر کا نظام انتہائی محفوظ ہے۔پریس بریفنگ کے دوران صحافی نے سوال پوچھا کہ کیا سائفر مبینہ لیک سے پاکستان کے امریکا سے تعلقات خراب ہوگئے؟ جس پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کوشش کرتا ہے کہ تمام ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہو۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں دہشت گردی کے نتیجے میں 9 پاکستانیوں کو قتل کیا گیا، ان 9 پاکستانیوں کے لاشیں گزشتہ شب پاکستان پہنچا دی گئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران میں پاکستانیوں کا قتل دہشتگردی ہے، پاکستان کی جانب سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا کہا گیا ہے، ایران کی جانب سے یقین دہانی کراوئی گئی ہے کہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد پاکستان کے ساتھ شئیر کی جائے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ایران اور پاکستان کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ آئندہ اس طرح کے حملے نہیں ہونگے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جن تیسرے ممالک کی زمین پاکستان کے خلاف استعمال کی جارہی ہے شوہد بھی انکو دئیے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ 16 جنوری کے حملے کے حوالے سے پاکستان نے 7 نکات نکالے ہیں، پاکستان کی امن و امان اور سالمیت ایران کو عزیز ہے ایران میں امن و امان اور سالمیت پاکستان کو عزیز ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے پاکستان کا دورہ کیا، تربت اور زاہدان میں رابطہ افسران تعینات کرنے پر اتفاق ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے نگران وزیر خارجہ کی دعوت پر 29 جنوری کو پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی وزیراعظم، وزیرخارجہ اور آرمی چیف سے ملاقات بھی کی، اس دوران تربت اور زاہدان میں رابطہ افسران تعینات کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی تیسرے یورپی یونین انڈو پیسفک وزارتی فورم میں شرکت کے لیے برسلز میں موجود ہیں، انہوں نے برسلز میں یورپی یونین کے عہدیدران سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں ہیں اور وہ آج (جمعہ کو) یورپی یونین انڈوپیسفک وزارتی فورم اجلاس میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے سیکرٹری خارجہ نے بھارتی شہریوں کے پاکستانی شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے ثبوت پیش کئے ، بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ترجمان دفتر خارجہ نے غزہ جنگ پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو غزہ میں جاری اسرائیلی افواج کی جارحیت پر شدید تشویش ہے، جنین ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں کے لئے فنڈنگ کی معطلی کے فیصلے پر گہری تشویش ہے، پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ5 فروری کو پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا، یہ دن بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن ہے،پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ہرفورم پرحمایت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ انہوں نے کہا کہ ایران میں پاکستانی حکام متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔