تیمر گرہ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو اپنا حق چاہیے تو 8فروری کو ترازو پر مہر لگانا ہو گی، جماعت اسلامی کی جیت عوام کی جیت ہے جب کہ تینوں حکمران پارٹیوں میں سے کسی کی جیت ملک کو مزید امریکی غلامی میں جکڑ لے گی۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سیاسی آزادی کے لیے معاشی استحکام ضروری ہے ، قرضوں کی یلغار نے ملک و قوم کی آزادی کو سلب کردیا، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر آئی ایم ایف کو الوداع کہے گی ، دولت کی منصفانہ تقسیم یقینی بناکر اور سود کا خاتمہ کرکے پاکستان کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کامیاب ہوکر جاگیرداروں پر زرعی ٹیکس لگائیں گے، کاشتکاروں کو زمین اور مزدوروں کو کارخانہ منافع سے حصہ ملے گا، سابقہ حکمرانوں نے ملک میں صنعت اور زراعت کو تباہ کیا، زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان خوراک برآمد کرتا ہے، ہماری صنعتیں بند ہوچکی ہیں، مزدور اور کارخانہ مالک سب پریشان ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ استحصالی نظام نے عوام کی کمر توڑ دی، تعلیم کو طبقاتی بنایا گیا، حکمرانوں نے کوئی ایسا اسپتال نہیں بنایا جہاں ان کا علاج ہو۔امیر جماعت نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے وسائل کی بجائے مسائل پیدا کیے ، انہوں نے مل کر سب سے پہلے احتساب کا جنازہ نکالا تاکہ ان طاقتوروں کا کوئی احتساب نہ کرسکے۔