اپنی سرزمین پر حملے کا بھرپور جواب دیں گے، ایران نے امریکا کو خبردار کردیا

427

تہران: ایران نے امریکا کو اپنی سرزمین پر کسی بھی حملے کی صورت میں فوری اور بھرپور جواب سے خبردار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہماری سرزمین پر کسی بھی قسم کا حملہ ہوا تو ایران اس کا مناسب انداز میں جواب دے گا کیونکہ یہ ہماری قوم اور سرحدوں کے مفاد میں ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی سفیر کا بیان چند روز قبل دیے گئے امریکی صدر کے بیان کے تناظر میں آیا ہے جس میں جوبائیڈن نے اعلان کیا تھا کہ امریکا نے فیصلہ کرلیا ہیکہ وہ اردن میں حملے کا کیسے جواب دے گا۔

ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے کہا تھا کہ اردن میں ڈرون حملہ کرنے والے عراقی گروپ ایران کے حمایت یافتہ ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شام میں کیے جانے والے اسرائیلی حملوں میں اب تک ایرانی پاسداران انقلاب کے متعدد اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 2 اہلکار 25 دسمبر اور5 اہلکار 20 جنوری کے روز جاں بحق ہوئے۔