خود پر ظلم برداشت کیے، پاکستان پر زخم نہیں لگنے دیا، نواز شریف

293
eradicate inflation

ہارون آباد: مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ  میں نے خود پر بہت ظلم برداشت کیے لیکن پاکستان پر کوئی زخم نہیں لگنے دیا۔

عام الیکشن کے حوالے سے انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور لیگی قائد میاں نواز شریف نے کہا کہ میرے دور میں اشیا کی قیمتیں کم اور آج آسمان کو چھو رہی ہیں، ہم نے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی سستی کی۔ بتائیں اس وقت پیٹرول کی قیمت کیا تھی اور آج کتنی ہے؟

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے مجھے نااہل قرار دیا تھا، وہ آج دیکھ لیں کہ میں سرخرو ہوکر عوام کے سامنے کھڑا ہوں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں کرپشن کا خاتمہ ہو چکا تھا۔ ثاقب نثار بتاؤ کہ جس کو پوری دنیا کرپٹ ترین کہہ قرار دے رہی ہے، اسے تم نے صادق و امین کا سرٹیفکیٹ کیسے دیا؟

نواز شریف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا  کیا اور عمران خان نے آکر پھر کشکول لیا اور مانگنے نکل پڑا۔  ہم ملک کو جوہری قوت بنا چکے تھے اور یہ لوگ شہدا کے مجسمے جلا کر ان کی بے حرمتی کررہے تھے۔ مجھے جیل میں ڈالنے والے جج آج استعفا دے کر گھر جا رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے کرتوت اچھے نہیں۔ چور کی ڈاڑھی میں تنکا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے اپنی ذات پر ظلم برداشت کیے لیکن پاکستان پر کسی قسم کا زخم نہیں لگنے دیا۔ ہم نے قومی سلامتی کے ساتھ نہیں کھیلا۔ رازوں کو سینے  میں محفوظ رکھا مگر عمران خان نے اقتدار کھسکتا دیکھا تو ملک ہی پر حملہ کردیا اور اس کا نتیجہ آج اس نے خود دیکھ لیا۔