اسٹیٹ بینک کا نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کیلیے انعامی مقابلے کا اعلان

435

کراچی: اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک میں نئے کرنسی نوٹ لانے کے لیے ان کے ڈیزائن سے متعلق انعامی مقابلہ کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ لانے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا ہے، تاہم اس کے ساتھ پرانے نوٹ بدستور برقرار رہیں گے۔ نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے انعامی مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے آرٹسٹوں، ڈیزائنرز اور طلبہ کو مقابلے میں شریک ہونےکے لیے مدعو کیا گیا ہے۔

مقامی ڈیزائنر، آرٹسٹ اور طلبہ نئے نوٹوں کے لیے تیار کیے گئے اپنے ڈیزائن اسٹیٹ بینک کو 11 مارچ تک بھیج سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک میں 7 مختلف مالیت کے نوٹ زیر گردش ہیں، جن کے لیے 3 ڈیزائنز کو منتخب کرکے نقد انعام دیا جائے گا۔ ان منتخب ڈیزائنز کو قبول کرنے کا حتمی فیصلہ ماہرین کی جانب سے کیا جائے گا، جس کے بعد کابینہ سے منظوری کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔

اسٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق تمام مالیت کے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کا عمل آئندہ 2 سال میں مکمل ہوگا ، تاہم اس کے ساتھ ساتھ موجودہ ڈیزائن کے تمام کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت بھی برقرار رہے گی ۔نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ جاری کرنے کے بعد پرانے ڈیزائن کے نوٹ مرحلہ وار اور بتدریج ترک کیے جائیں گے۔