نئی دہلی: ہندوستان کی ریاست راجستھان میں واقع بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ پر ہندو مندر ہونے کا دعوی کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مہارانا پرتاپ سینا (فوج) کے قومی صدر راج وردھن سنگھ پرمار نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ راجستھان کے اجمیر شہر میں واقع خواجہ معین الدین چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی درگاہ، درگاہ نہیں بلکہ ہندو مندر ہے۔
اطلاعات کے مطابق راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کو راج وردھن سنگھ نے ایک خط لکھا ہے جس میں اس سلسلے میں تحقیقات اور ازسرنو تاریخی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوہبسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں راج وردھن سنگھ نے اس دعوے کو دہراتے ہوئے کہا ہے کہ اجمیر کی درگاہ کوئی درگاہ نہیں ہے بلکہ ایک ہندو مندر ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق راج وردھن سنگھ نے اشوک گہلوت کی سابقہ کانگریس حکومت پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ گہلوت حکومت نے اس معاملے کو مبینہ طور پر نظر انداز کیا۔ انہوں نے موجودہ انتظامیہ کے تحت فیصلہ کن کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعلی بھجن لال شرما کو لکھے گئے خط میں لکھا گیا ہے کہ، مہارانا پرتاپ آرمی ایک طویل عرصے سے مطالبہ کر رہی ہے کہ اجمیر میں واقع درگاہ کی تحقیقات کرائی جائیں کیونکہ یہ درگاہ، درگاہ نہیں ہے بلکہ یہ ہمارا مقدس ہندو مندر ہے۔