سرگودھا :امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے دورِحکومت میں کسی وزیر ،مشیر، سیاستدان، گورنر، بیوروکریٹ کو دس مرلہ سے بڑا گھرنہیں ملے گا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ عوام کا پیسہ حکمران اشرافیہ کے پروٹوکول پر خرچ ہورہا ہے، ملک 80ہزار ارب کا مقروض ہے، دوکروڑ لوگ بے گھر ہیں اورصدر، وزیراعظم، گورنرز ، بیوروکریسی ایکڑوں پر مشتمل محلات میں رہائش پذیر ہے ، انگریز کے نظام کو بدلنا ہوگا، عوام ترازو پر مہر لگائیں، ہم انہیں اسلامی نظام دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ کرپٹ حکمرانوں کا بے لاگ احتساب ہوگا۔ سابقہ حکمران حساب دینے کی بجائے مزید باریاں مانگ رہے ہیں،ان کی جگہ ایوانوں میں نہیں ، جیل میں ہونی چاہیے۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک کو نواز دو کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ عوام کو کسی نواز کی نہیں تعلیم، صحت، روزگار کی ضرورت ہے۔ جتنا نقصان دو خاندانوںنے پاکستان کو پہنچایا اتنا امریکیوں نے دوسری جنگ عظیم میں جاپان کو نہیں پہنچایا تھا، یہ کم ازکم چالیس سالوں سے ملک پر مسلط ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی عوام کی ہر مشکل وقت میں مدد کی، فلسطینیوں کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ اکٹھا کیا،نام نہاد بڑی پارٹیوں کے لیڈران نے امریکا کے خوف سے اسرائیلی مظالم پر کوئی احتجاج نہیں کیا، انہوں نے مل کر کشمیر کا سودا کیا، یہ ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کرنے اور ریمنڈ ڈیوس کو باعزت رہائی دینے والوں میں ہیں۔