اسلام آباد:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات کے آزادانہ اور شفاف انعقاد کیلئے پرعزم ہے،8 فروری کو انتخابات کے انعقاد کے ساتھ ہی اس کے التوا کے حوالے سے تمام افواہیں دم توڑ جائیں گی ۔
نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ امیدواروں کی جانب سے انتخابی مہم جاری ہے، انتخابات کے التوا کا کوئی ٹھوس جواز بھی نہیں ہے، ملک میں عام انتخابات کی تاریخ 8 فروری ہے، ماضی سے سبق سیکھتے ہوئے پارلیمان کو قانونی، انتظامی اور الیکشن کمیشن سے متعلق تمام خامیوں کو دور کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی اور عالمی میڈیا کے ساتھ ساتھ مبصرین بھی انتخابات کی مانیٹرنگ اور کوریج کریں گے،اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جس حد تک ممکن ہو خطے کے معیارات کے مطابق انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں گے۔