فلسطینی شہیدہو رہے ہیں کوئی سہارا دینے والا نہیں، مولانا فضل الرحمن

461
next government

سکھر: جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ    فلسطینی شہیدہو رہے ہیں مگر کوئی ان کو سہارا دینے والا نہیں، ہم سے تو جنوبی افریقہ اچھا ہے جو عالمی عدالت میں چلاگیا۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ سندھ کا فیصلہ سندھ کے عوام کریں گے ، ظلم کا نظام نہیں چلے گا، یہاں پر ایک طبقہ ہے جو سوچتا ہے کہ ہم  جو چاہیں وہ کریں، اب وہ وقت گذر چکا ہے 08 فروری کاسورج کتاب کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں اتنی بدامنی کیوں ہے کیونکہ یہاں طاقتور قابض ہے جو قوم کی دولت کو ذاتی جائیداد سمجھتا ہے اور غریب اس کے خلاف آواز اٹھانے پر ظلم کا نشانہ بنتا ہے  لیکن میں آج ان جابروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اس دھرتی کے لوگوں کی طرف ٹیڑھی آنکھ سے دیکھا تو آنکھ نکال دیں گے اور قدم بڑھایا تو ٹانگیں توڑ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں پچیس ہزار لوگ شہید ہوچکے ہیں کیا یہ جنگی جرم نہیں ہے کہاں ہے جنیوا کنونشن؟ کہاں ہے اقوام متحدہ کا چارٹر؟ کہاں ہیں وہ اسلامی ممالک، آج فلسطینی مر رہے ہیں مگر کوئی ان کو سہارا دینے والا نہیں۔