لاہور: قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اللہ نے حکومت دی تو منشور پر پورا عمل کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کا انتخابی منشور پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ یہ منشور بہت محنت سے تیار ہوا ہے، عرفان صدیقی، مریم اورنگزیب اور دیگر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں، اللہ نے حکومت دی تو منشور پر پورا عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی سے گلہ شکوہ نہیں کرنا چاہتا، آج مستقبل کی بات کرنے آیا تھا، گزشتہ حکومت میں آپ نے ایک شخص کو دیکھا، کبھی بھی وہ نہ کرتا جو پچھلی حکومت نے کیا، اس سے پہلے پیپلز پارٹی کی حکومت بھی رہی، ہمارے ان کے ساتھ بہت سے مسائل تھے، ہم نے چارٹر آف ڈیموکریسی پر دستخط کئے۔