ایران میں 9 پاکستانیوں کا قتل ہولناک اور قابل نفرت واقعہ ہے، پاکستان

292
Afghan territory

اسلام آباد:پاکستان کی جانب سے ایران میں 9 شہریوں کے قتل پر ردعمل دیتے ہوئے اسے ہولناک اور قابل نفرت واقعہ قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے واقعے کی فوری تحقیقات کرکے قاتلوں کو سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سراوان میں پیش آنے والے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ ہم ایرانی حکام کے ساتھ اس سلسلے میں رابطے میں ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق زاہدان میں پاکستانی قونصلر اسپتال جا رہے ہیں جہاں 3 زخمی زیر علاج ہیں۔ سفیر واقعے کے حوالے سے مقامی حکام سے بھی ملاقات کریں گے اور قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی فوری ضرورت پر زور دیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس سنگین معاملے سے پوری طرح آگاہ ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات کر بھی کررہا ہے، میتوں کو جلد از جلد وطن واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے۔ دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے پاکستان کو دہشت گردی سے لڑنے کے عزم سے نہیں روک سکتے۔

دوسری جانب ایران میں پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ 9 پاکستانیوں کی ہلاکت اندوہناک واقعہ ہے،تفتیش مکمل ہونے پر اس بابت کچھ واضح طور پر کہہ سکیں گے، پاکستانی لیڈر شپ سے رابطہ میں ہوں اور مقتولین کی متیں بھجوانے کیلیے انتظامات کررہے ہیں۔