حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ لٹیروں کا احتساب نیب اورعدالتیں نہیں کرسکتیں، 25 سال مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے 50 سال حکومت کی مگر کارکردگی لوٹ مار کشمیر کی سودے بازی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کو ایک سوسال بھی اقتدار مل جائے تو یہ لوگ ترقی کی بجائے پاکستان کو ہی مٹادیں گے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ 8 فروری کو حکومت ہم بنائیں گے زرداری نواز شریف کا دور گزر گیا ایم کیو ایم کا قصہ پارینہ ہوگیا، حیدرآباد کا تاریخی جلسہ 8 فروری کو ترازو کی کامیابی کی گواہی دیرہا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکمرانوں نے ملک کی معیشت کو تباہ اور اپنے اثاثوں میں اضافہ کیا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جاکر ان کے اربوں و کھربوں روپے کے اثاثے دیکھے جا سکتے ہیں اتنا ظلم ہے کہ ایک غریب آدمی دووقت کی روٹی کیلیے پریشان تودوسری طرف امیروں کے کتے اور بلیاں دودھ پیتے ہیں۔ہم ایسے نظام سے بغاوت کرتے ہیں۔
سراج الحق نے کہاکہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں چوڑیوں و چمڑے کے کارخانے ٹیکسٹائل ملز تھیں دکن کی طرح خوبصورت و علمی شہر تھا مگر آج نا اہل قیادت کی وجہ سے کچرا کنڈی بنا ہوا ہے دیانتدار قیادت کو کامیاب کریں تو دوبارہ حیدرآباد کی صنعت و رونقیں بحال ہوسکتی ہیں۔