کراچی:امیرجماعت اسلامی پاکستان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام 8فروری کو پیپلزپارٹی کے جعلی تیر اور مسلم لیگ کے جعلی شیر کو بھی مسترد کردیں گے،ایم کیو ایم بھی قصہ پارینہ ہوچکی ہے، 8 فروری کا دن ایم کیو ایم کا آخری الیکشن ثابت ہوگا۔
”ترازو کانفرنس ” سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ کراچی کی بحالی اور ملک کی تعمیر و ترقی کا نشان صرف ترازو ہے ٗ8فروری کے بعد کراچی،کراچی کے حقیقی وارثوں کا ہوگا، بلاول زرداری لاڑکانہ، حیدر آباد اور کراچی کو ٹھیک نہیں کرسکے تو پاکستان کو کیسے ٹھیک کریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ زرداری چاہتے ہیں کہ بلاول وزیر اعظم بنیں، نواز شریف چاہتے ہیں کہ مریم صفدر کو موقع ملے، مولانا فضل الرحمن چاہتے ہیں کہ ان کے اہل خانہ کو موقع ملے، ہم اس ملک کے عام فرد کو اس ایوان کا حصہ بنانا چاہتے ہیں،ایک بچہ کہتا ہے کہ میرا نانا وزیر اعظم تھا میرے والد صدر تھے مجھے بھی وزیر اعظم بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ ایک لاڈلہ کہتا ہے کہ میں تین بار وزیر اعظم بن چکا ہوں مجھے ایک بار اور بھی موقع دیا جائے، ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں،یہ لاکھوں جانوں کی قربانیوں کے عوض حاصل کیاگیا تھا۔
سراج الحق نے مزید کہاکہ ملک پر 25 سال مسلم لیگ،15 سال پیپلزپارٹی نے سندھ پر حکومت کی، 35 سال ایوب خان سے جنرل مشرف جیسے جرنیلوں نے حکومت کی۔ان تمام لوگوں نے ملک پر طبقاتی نظام مسلط کیا۔پاکستان نوابوں، جاگیرداروں، وڈیرہ شاہی کے خلاف بنایا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہاکہ بانی پاکستان جاگیردار اور وڈیرے نہیں تھے، آج جاگیردار اور وڈیرے لوگ ملک پر قابض ہیں جن سے نجات کے لیے ووٹ کی طاقت کو استعمال کرنا ہے۔ایف آئی اے، نیب اور عدالتیں بھی ان جاگیرداروں اور وڈیروں کا احتساب نہیں کرسکیں ہیں۔جوبائیڈن کی پولیس نے 13 گھنٹے تک ان کے گھر کی تلاشی لی لیکن پاکستان کی پولیس حکمرانوں کے گھر میں تلاشی لینے کے بجائے غلام بن کر رہتی ہیں۔