راولپنڈی:انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی اڈیالہ جیل کی انتظامیہ کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ کی عدم حاضری پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحریری جواب طلب کرلیا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کی انتظامیہ کے خلاف شیخ رشید کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے کی،اے ٹی سی کورٹ نے سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔
سپرنٹنڈنٹ کی عدم حاضری پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود شیخ رشید کو فیملی سے ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی، جیل انتظامیہ نے انہیں گرفتار نہیں کیا بلکہ عدالتی احکاماتِ پر انہیں وہاں بھیجا گیا۔