ہماری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا، شہباز شریف

501
political prisoner

منڈی بہاوالدین: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 2013 سے 18 تک ہماری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا۔لانگ مارچ کے دوران جو کچھ ہوا وہ دلخراش مناظر لوگ نہیں بھولے۔

منڈی بہاوالدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ جب نواز شریف کو آپ لوگوں نے 2013 میں اکثریت دی تو دھرنا شروع ہوگیا پھر سازش کے ذریعے 2017 میں نواز شریف کی حکومت ختم کردی گئی، ہم نے آپ کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی اور موٹر وے دانش اسکول جیسے لاتعداد منصوبہ دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں 2014 میں وہ پہلا یوم آزادی 14 اگست تھا جب پاکستان اور نواز شریف کیخلاف لانگ مارچ کروایا گیا اور پھر اسلام آباد میں جو گالی گلوچ اور دھرنے ہوئے پارلیمنٹ کو آگ لگانے کی باتیں اور چینی صدر کا دورہ منسوخ کروادیا گیا اس سب کو قوم نہیں بھولی۔

شہباز شریف نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاستدان کہتے ہیں اگر حکومت ملی تو تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کردیں گے، ان کو مشورہ ہے کہ ذاتی جیلوں کے خاتمے کا بھی اعلان کریں جہاں پر بچوں بچیوں اور لوگوں پر تشدد ہوتا ہے اور قید رکھا جاتا ہے۔ ان کو یہ بھی بتادوں کہ نواز شریف کے 2013 سے 2018 کے دور میں پنجاب اور اسلام آباد میں کوئی سیاسی قیدی نہیں تھا،

ان کا کہنا تھا کہ جب 2013 میں نواز شریف وزیر اعظم بنے تو سازش شروع ہوگئی تھی، ان کے خلاف لانگ مارچ کرایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کے خلاف جس نے لانگ مارچ کیا اور کروایا انہیں آپ جانتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منتیں کی گئیں کہ ڈی چوک چھوڑ دو، لیکن انہوں نے جگہ خالی نہیں کی کی، 2017 میں نواز شریف کا تختہ الٹا دیا گیا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے، دیکھیں 9 مئی کو کیا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا تھا، نوازشریف حکومت میں لاکھوں بچوں کو لیپ ٹاپ دیے گئے، یہ کہتے تھے کہ لیپ ٹاپ کیوں دیئے ؟ اگر لیپ ٹاپ نہ دیتے تو کیا انہیں کلاشنکوف دیتے؟

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دانش اسکولوں میں یتیتم بچے بچیاں تعلیم حاصل کرتے ہیں، نواز شریف نے ملک بھر میں سڑکوں کا جال بچھا دیا ہے، نواز شریف کی شبانہ روز محنت سے دن رات ترقی ہورہی تھی، نواز شریف نے عوام کی جو خدمت کی وہ آپ کے سامنے ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے بتایا کہ 8 فروری کی آمد آمد ہے، 8 فروری کو اپنے ووٹوں کے ذریعے نواز شریف کو وزیراعظم بنائیں۔