کوئی تو وجہ ہے کہ شیر شکار کے لیے نہیں نکل رہا، بلاول بھٹو زرداری

523
intervention

گجرات: چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی تو وجہ ہے کہ شیر شکار کے لیے نہیں نکل رہا۔

عام انتخابات کے سلسلے میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم تو ملک بھر میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں لیکن ہمارے مخالفین تو اپنے گھر ہی سے نہیں نکل رہے۔ انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ کیا آپ نے کبھی کسی کو اتنا خوفزدہدیکھا ہے؟ کوئی تو بات ہے کہ شیر شکار کےلیے نہیں نکل رہا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شیر چاہتا ہے کہ کوئی دوسرا اسے شکار کر کے دے اور جب سب کچھ تیار ہو جائےتب بادشاہ باہر آئے۔ یہ کس قسم کی جمہوریت ہے، کہ ایک جماعت کا منشور ہی نہیں ہے۔ جو اپنے امیدوار کو چوتھی بار وزیراعظم بنانا چاہتی ہے، وہ کہہ رہے ہیں کہ منشور پر کام چل رہا ہے۔ وہ بتا ہی نہیں سکتے کہ اگر انہیں خدانخواستہ کسی نہ کسی طرح چوتھی بار موقع ملا تو وہ کریں گے کیا؟

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے 10 نکاتی ایجنڈے سے  متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے پروگرام ترتیب دیا ہے، جس پر عمل کرکے ہم غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کریں گے۔