دیرپائن:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں زہریلی پولرائزیشن کے خاتمے کے لیے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی 8فروری کے بعد کامیاب ہوکر تمام سیاسی پارٹیوں کو میز پر لائے گی تاکہ نفرتوں کا خاتمہ ممکن بناکر مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی جائے۔
سراج الحق نے کہاکہ افراد میں اختلاف رائے معاشرے کی تنوع اور ترقی کا باعث بنتا ہے، گالم گلوچ اور تشدد موجودہ انتشار اور تقسیم کی وجہ ہے جو گزشتہ چند سالوں سے خوفناک شکل اختیار کرگیا ہے ، حکمران پارٹیوں نے سیاسی و معاشرتی تقسیم بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا،جماعت اسلامی اسے ختم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے الیکشن منشور میں جہاں پانچ سالہ انقلابی منصوبہ دیا ہے وہیں وہ تمام بنیادی نکات بھی وضح کیے ہیں جو طویل مدت کے لیے ملک کی ضرورت ہیں ، منتخب ہوکر منشور پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچیوں کی تعلیم کے لیے جماعت اسلامی ہر ڈویژن کی سطح پر بہترین یونیورسٹیاں بنائے گی، پرائمری ایجوکیشن کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، بچیوں کی تعلیم لازمی قرار دیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ اس وقت ملک کی آبادی 25کروڑ جو آئندہ دو تین دہائیوں میں دوگنا ہوجائے گی، آبادی کی ضروریات کے مطابق خوراک ،تعلیم اور صحت سمیت دیگر بنیادی ضرورتوں کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے جو سابقہ حکمرانوں نے کبھی پوری نہیں کی، اس وقت پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، سترفیصد آبادی کو صاف پانی نہیں ملتا، صحت کا پورا نظام درہم برہم ہے، کمزوور کو انصاف نہیں ملتا، قانون پر عملدرآمد نہیں ہورہا ، کرپشن عام ہے۔