کراچی:پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ کے ساتھ ایسا نہیں ہوتا جیسا پاکستان میں ہوتا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان اور پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ ہمیں ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔ ملک کا وزیراعظم کوئی بھی ہو، اسے پاکستان اور کرکٹ کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تو ایسا ہوتا ہے کہ جس کی حکومت ہو، وہ پی سی بی میں اپنے پسندیدہ لوگ لے کر آ جاتا ہے۔اگر مجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کا اختیار دیا جائے تو میں سب کچھ ٹھیک کردوں گا۔ ماضی میں جب مجھی قومی ٹیم کی کوچنگ ملی تھی، میں نے انہیں بھی کرکٹر بنا دیا جنہیں کچھ پتا ہی نہیں تھا۔
یاد رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں انہیں ذکا اشرف کی جگہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کے لیے بھی نامزد کردیا گیا ہے۔