الیکشن:ہر شعبہ زندگی سے وابستہ پاکستانیوں نے ملک کا مستقبل طے کرنا ہے، شہباز شریف

368

لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہر شعبہ زندگی سے وابستہ پاکستانیوں نے ملک کا مستقبل طے کرنا ہے۔

عام انتخابات کے سلسلے میں قوم کے نام جاری اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام اپنا حق رائے دہی جس کے لیے بھی استعمال کریں گے، ہم اس کا احترام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو عام انتخابات کے موقع پر زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عظیم پاکستانی اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ 8 فروری کو عوام آئندہ 5 سال کیلیے ملک و قوم کی قسمت کا فیصلہ اور خدمت کرنے کا موقع اپنی جماعت کو دیں گے۔ میں پاکستان کے 24 کروڑ لوگوں سے ملتمس ہوں کہ ووٹ آپ کا حق ہے جس کو بھی دیں ہم اس کا احترام کریں گے۔

شہبا شریف نے کہا کہ خدارا ملک آج جس معاشی اور معاشرتی و سیاسی مسائل کا شکار ہے اس کے پائیدار حل کے لیے مسلم لیگ ن کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ آج ملک دہشت گردی اور اندرونی خلفشار جیسے چیلنجز کا شکار ہے۔ معاشرے میں زہر گھول دیاگیا ہے،نوجوان کو ایک ایسا پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے جس سے خدا نخواستہ وہ  اپنی  کتاب اور تعلیم اور پاکستان کو سنوارنےسے  ہٹ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ 8 فروری کواپنے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کریں اور ووٹ دیتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ ماضی میں کس جماعت اور کس لیڈر نے ملک کی خدمت کیلیے اخلاص کے ساتھ کاوشیں کیں۔