الیکشن سے 3 دن قبل مجھے چھوڑ دیں، سب کو لگ پتا جائیگا، عمران خان

465
the law of the jungle

لاہور: بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں، سب کو لگ پتا جائے گا۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کے دوران سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں انتخابات کے لیے مہم چلانے کی بھی اجازت نہیں مل رہی۔ میں کہتا ہوں کہ صرف ایک جلسہ کرنے  کی اجازت اور الیکشن سے تین دن پہلے مجھے چھوڑ دیں ، سب کو لگ پتا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ میں تمام تحائف کا تخمینہ دبئی میں بھارتی شہری کی چھوٹی سی دکان سے لگوایا گیا۔ سارا کیس اسی گواہ پر تھا جس پر آج جرح کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی جیولری کو 300 کروڑ روپے تک پہنچا دیا گیا۔تحائف کی قیمت میں اضافہ صاحب کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا اوپر بیٹھے کرنل صاحب سن رہے ہوں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا جب کہ عدالت کا فیصلہ معطل ہو چکا ہے سزا یافتہ نواز شریف کو کلیئر کر دیا، میری نااہلی کے خلاف اپیل اور انسانی حقوق کے لیے دائر پٹیشن کو نہیں سنا جا رہا۔یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ فیصلہ کے باوجود 4 روز سے تحریری آرڈر جاری نہیں کر رہا، جس طرح کا الیکشن کروایا جا رہا ہے اس سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھے گا ملک کابیڑا غرق ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک مفرور کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہو چکی لیکن ہم آخری گیند تک لڑیں گے۔ 5 اگست کے بعد نریندر مودی سے کبھی رابطہ نہیں کیا، ابھی نندن کے معاملہ پر بھی مودی سے رابطہ کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔یہ سب جھوٹ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو پی ٹی آئی چھوڑے گا وہ اپنا سیاسی مستقبل ختم کر لے گا۔ پی ٹی آئی کے پاس ووٹ بینک ہے اسی لیے اسٹیبلشمنٹ سے یہ پارٹی نہیں ٹوٹ رہی۔ الیکشن ختم ہوتے ہی لوگ پی ٹی آئی کی طرف آئیں گے۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں سیاست دان ہوں سیاست کروں گا بندوق ہاتھ میں نہیں پکڑوں گا، عزت ذلت زندگی موت رزق اقتدار سب اللہ دیتا ہے، الیکشن کمیشن کا میچ پہلے سے فکس تھا اسی لیے ہمارے انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کو التوا دیا جاتا رہا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی انتخابات پر سوال نہیں اٹھا سکتا، نئے انٹرا پارٹی انتخابات ہوں گے یا نہیں اس بارے ابھی کوئی پتا نہیں۔ صدر مملکت نے معاملات سلجھانے کی بہت کوشش کی۔ سنا ہے نواز شریف نے لیہ کا جلسہ کینسل کر دیا ان کے جلسے نہیں جلسیاں ہو رہی ہیں، میں کہتا ہوں الیکشن سے تین دن قبل مجھے چھوڑ دیں اور صرف ایک جلسہ کرنے کی اجازت دے دیں ان کو لگ پتہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایک پلان اللہ بناتا ہے اور ایک پلان بندہ بناتا ہے لیکن ہوتا وہی ہے جو اللہ کا پلان ہوتا ہے، پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کروں گا، یہ سب صرف اس لیے کیا جا رہا ہے کہ عمران خان دوبارہ اقتدار میں نہ آ جائے۔