کوٹ ادو:چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں واحد سیاستدان ہوں جو عوام کی جانب دیکھ رہا ہوں جب کہ باقی سب کو تو خلائی مخلوق سے امیدیں ہیں۔
انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ الیکشن 2024ء کے سلسلے میں باقی سب کو خلائی مخلوق سے امیدیں وابستہ ہیں جب کہ مجھے عوام سے امید ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں عوام سے ووٹ مانگنے کے لیے آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں 4 بار حکومت کرنے والوں نے اشرافیہ کو نوازا اور غریب عوام کو تکلیف دی لیکن میں اقتدار میں آکر اشرافیہ کو تکلیف دوں گا اور پاکستان کے غریب عوام کو ریلیف دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن میں اپنے ووٹ کا ضیاع نہ کریں۔
عوام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو الیکشن میں کامیاب کروا کر اسمبلیوں میں پہنچائیں، تاکہ ہم ذوالفقار علی بھٹو زور بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو پورا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شیر کا شکار تیر ہی سے ممکن ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا ہے۔ ہماری حکومت بنے گی تو کسان کارڈ دیں گے۔ غریب عوام کے لیے 30 لاکھ گھر بنائیں گے۔ سندھ میں گھر بنانا شروع کیے جا چکے ہیں۔ یوتھ کارڈز سے نوجوانوں کو سہولیات دیں گے۔