عوام اسٹیٹس کے سہولت کاروں کو ووٹ نہ دے کر فرسودہ نظام سے جان چھڑائیں، سراج الحق

618

لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ الیکشن میں 25کروڑ پاکستانیوں کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا، عوام اسٹیٹس کو کے سہولت کاروں کو ووٹ نہ دے کر فرسودہ نظام سے جان چھڑائیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نورا کشتی سے قوم کو بے وقوف بنا رہے ہیں، ان کی لڑائی دکھاوے کی ہے۔

منصورہ میں اجتماع کارکنا ن سے خطاب کرتے ہوئے  سراج الحق نے کہاکہ   ملک شہزادے شہزادیوں اور خاندانوں کی حکمرانی کے لیے نہیں بنا، جماعت اسلامی کے کارکنان اورسپورٹرز آئندہ بیس دن جدوجہد مزید تیز کریں، جماعت اسلامی ہی حقیقی تبدیلی لائے گی۔

انہوں  نے کہا کہ ملک میں گرشتہ 76برسوں سے وہی نظام جاری ہے جس کے خلاف اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔ بھارتی عوام سوال کرتے ہیں کہ آپ کس لیے الگ ہوئے ؟ ملک پر مافیاز کی حکمرانی ہے، یہاں ایک دن کے لیے بھی اسلام نافذ نہیں ہوا۔ ہم دین کی بات کرتے ہیں تو سیکولر لابیز مذاق اڑاتی ہیں، اسلام کی دنیا میں ایک ہزار سال حکمرانی رہی، پاکستانیوں کی بڑی اکثریت ملک میں قرآن وسنت کا نظام چاہتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ   عوام کے پاس بہترین موقع ہے کہ 8فروری کو ترازو کوووٹ دے کر اسلامی نظام کے حق میں فیصلہ دیں، قوم سابقہ حکمرانوں کے جعلی دعوؤں سے تنگ آچکی ہے ، ان کے پاس کارکردگی دکھانے کو کچھ بھی نہیں، یہ اب پھر جھوٹے وعدے کررہے ہیں ، پی پی کے چیئرمین کی دلیل ہے کہ اگر ان کے نانا اور والدہ وزیراعظم رہے تو یہ کرسی انہیں بھی دی جائے۔