اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی صدارت میں قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں پاکستان اور ایران کے مابین جاری کشیدگی کی صورت حال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے سفارتی سطح پر ہونے والی بات چیت پر بریفنگ دی جب کہ وزارت دفاع کے حکام نے بھی شرکا کو صورت حال پر بریف کیا۔
اہم اجلاس 2 گھنٹے سے زائد جاری رہا، جس میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان نے ایرانی سرزمین پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، پاکستان نے ایرانی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔
اجلاس میں پاکستان کے ایران میں تعینات سفیر نے بھی بریفنگ دی۔ قومی سلامتی کمیٹی میں کہا گیا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کےساتھ کوئی کشیدگی نہیں چاہتا اور اسی طرح قومی سلامتی پر بھی کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔