راولپنڈی: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے قومی احتساب بیورو(نیب) کے 190ملین پاونڈ کیس میں اپنے وکلا تبدیل کردیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے 190 ملین پاونڈ کیس سے وکیل لطیف کھوسہ اور شہبازکھوسہ کو الگ کردیا ،190 ملین پاونڈ کیس میں پہلے لطیف کھوسہ، شہباز کھوسہ، عثمان گل اور سلمان اکرم راجہ وکیل تھے۔
اب اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کے نئے وکلا سلمان اکرم راجہ، علی ظفر اور عثمان گل ہوں گے، 190 ملین پاونڈ کیس میں وکلا کی تبدیلی کے باعث عمران خان پر آج فردجرم عائد نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے رواں ہفتے اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت کے دوران عدم اطمینان کا اظہار کیا اور بیرسٹر علی ظفر اور سکندر ذوالقرنین کو نیب کیسز کی پیروی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ 190 پاونڈ نیب ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی موخر کر تے ہوئے کارروائی 24 جنوری تک ملتوی کی گئی، آئندہ سماعت پر عمران خان اور بشری بی بی کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر، سکندر ذوالقرنین اور عثمان گل پیش ہوں گے۔