کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کو مزید 20 سال کیلئے لائسنس دینا قابل مذمت اور کھلی کراچی دشمنی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے کے الیکٹرک کومزید 20سال کا لائسنس جاری کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ کہ نگراں حکومت کو طویل مدتی فیصلوں سے بازرہنا چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک لائسنس کی توسیع کے لیے نیپرا کی سماعت میں بھی ہم نے بھرپور مخالفت کی تھی، جماعت اسلامی کے الیکٹرک کو 2044تک لائسنس جاری کرنے کے فیصلے کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل دے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نے کراچی کے عوام کو لوٹا ہے اور بلاتعطل وسستی بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے ۔کے الیکٹرک NTDCکا 62ارب اور سوئی سدرن گیس کمپنی کا 172ارب روپے کا نادہندہ ہے ۔کے الیکٹرک پر کلاء بیک کی مد میں کراچی کے عوام کے 52ارب روپے واجب الاداء ہیں ۔قومی اداروں اور اہل کراچی کو اربوں روپے ادانہ کرنے والی کمپنی کو مزید 20سال کا لائسنس جاری کرنا نہ صرف کراچی دشمنی بلکہ ملک دشمنی بھی ہے ۔