راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ 90 فیصد فوجی پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے جنرل(ر)باجوہ نے مجھ سے کہا ساری فوج تمہارے ساتھ ہے، باجوہ کے فیصلوں نے پاکستان کا بیڑا غرق کیا لیکن فوج کا اس میں قصور نہیں۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نواز شریف انتخابی مہم چلانے کے لیے نکلا ہے بتائیں 16 ماہ تک کن ریلو کٹوں کی حکومت تھی؟ 16 ماہ میں معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا، 15 لاکھ پروفیشنل ملک چھوڑ کر چلے گئے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیرونی خسارہ تھا جو یہ چھوڑ کر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری حکومت نے گروتھ ریٹ 6 اعشاریہ 7 فیصد پر چھوڑا جو انہوں نے صفر کر دیا، ہمارے دور میں مہنگائی 12 اعشاریہ چار فیصد تک گئی جو یہ 38 فیصد تک لے گئے، ہمارے دور میں دہشت گردی نیچے آئی ، افغان صدر اشرف غنی کی حکومت سے ہمارے اچھے تعلقات تھے لیکن ن لیگ حکومت نے آکر افغانستان سے بھی تعلقات تباہ کر دیے ان کی فارن پالیسی کی وجہ سے پاکستان تنہا ہو گیا۔
عمران خان نے کہا کہ ایران نے پاکستان میں حملہ کرکے غلط کیا ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا ایران کا دشمن اسرائیل کوشش کرے گا کہ ہمارے تعلقات خراب ہوں پاکستان کی معیشت اس وقت بیٹھی ہوئی ہے ان حالات میں ہمیں تنازعات میں نہیں پڑنا چاہیے ہم سایوں کو بدل نہیں سکتے، ہم نے ہندوستان سے بھی دوستی کی پوری کوشش کی تھی افغانیوں کو نکال کر ہم نے نفرت کو بڑھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بندوقوں سے مسائل حل نہیں ہوتے سیاسی حکومت سیاسی حل ڈھونڈتی ہے اور تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے 80 ہزار لوگ شہید کروائے ہمیں لانے سے پہلے کمزور کیا گیا تاکہ کنٹرول کیا جا سکے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ریلو کٹوں کی کھچڑی کا مقصد کنٹرول پارلیمنٹ بنانا ہے 19 مارچ سے کہہ رہا ہوں کہ فری اینڈ فیئر الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں میں نے حکومت بناکر غلطی کی مجھے دوبارہ الیکشن میں جانا چاہیے تھا میں جنرل(ر)قمر باجوہ کی میٹھی باتوں میں آگیا تھا جنرل (ر)باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دینا میری دوسری غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت سے بہتر ہوگا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گندے الیکشن سے ملک میں مزید عدم استحکام پیدا ہوگا اقتصادی خسارے کی کمی اور قانون کی بالادستی کے لیے اصلاحات کی ضرورت ہے۔