اسلام آباد:قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے کشیدگی کے خاتمے کی خواہش کے بعد پاکستان نے بھی ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی، جس میں ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کی منظوری بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں نگراں وزیر خارجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایران پاکستان کے ساتھ جاری تناؤ کی صورت حال کا خاتمہ چاہتا ہے، جس پر کابینہ نے کہا کہ پاکستان بھی اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ کشیدگی کا خواہاں نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ ایران کے ساتھ تعلقات متاثر ہوں۔ ایران کی جانب سے غلط قدم اٹھایا گیا، جس کا جواب بھی دے دیا گیا۔