ملک میں تیر اور شیر کا مقابلہ ہورہا ہے، بلاول بھٹو زرداری

530
fighting a tiger

نوشہرو فیروز: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں تیر اور شیر کا مقابلہ ہورہاہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے مجھے وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا ہے، عوام ساتھ دے تو ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت قائم کر کے 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدے پر عمل درآمد کراوں گا۔

جمعرات کو نوشہرو فیروز میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں نوشہروفیروز آیا تھا اس وقت آپ نے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو جتوایا، میں جب عوامی مارچ کے ساتھ نوشہرو فیروز سے گزرا تو آپ نے اس وقت بھی بڑا استقبال کیا، آج ایک بار پھر آپ کے پاس آیا ہوں۔الیکشن ہونے جا رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے مجھے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔ میں آپ کا وزیر اعظم کا امیدوار ہوں گا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہہآج میں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں۔آپ نے ساتھ دیا تو پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنائیں گے، ہم نے عوامی منشور، عوامی معاشی معاہدہ ہے، یہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا مقابلہ کرنے کا ایجنڈا ہے۔آپ مجھے وزیر اعظم بنائیں میں اس 10 نکاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کراوں گا، غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کروں گا۔نو شہرو فیروز کے لیے ہمارا خاص منصوبہ ہے، یہاں سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان ہوا، ہم نے یہاں عوام کی مدد کرنی ہے، میں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا تو خواتین کا سب سے زیاد مطالبہ یہی تھا کہ ہمیں گھر بنا کر دیں، میں نے ان سے یہ وعدہ کیا ہے کہ انہیں گھر بنا کر دوں گااور ہم 20 لاکھ گھر بنانے کا سلسلہ شروع کر چکے ہیں

انہوں نے دعوی کیا کہ دنیا کا سب سے بڑا گھر بنانے کا منصوبہ سندھ حکومت کروا رہی ہے، 8 فروری کو الیکشن کے بعد ہم یہ کام پھر تیزی سے شروع کریں گے۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آپ نے 8 فروری کو پیپلز پارٹی کو جتوانا ہے تاکہ تمام ترقیاتی اسکیموں کو مکمل کریں، اب مقابلہ تیر اور شیر کے درمیان ہے، ہم عوام کے پاس جائیں گے اور سمجھائیں گے کہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، آپ عوام کو بتائیں کہ تیر پر ٹھپہ لگائیں تاکہ ہم غربت کا مقابلہ کریں، آپ نے پیپلزپارٹی کوبھاری اکثریت سے جتوانا ہے۔