موساد اور داعش کے ٹھکانوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہیں: ایران

380

نیو یارک: اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے کہا ہے کہ شام اور عراق میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کارروائیوں میں بین الاقوامی معاہدوں کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے۔  

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیرسعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش اور اسی طرح سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام اپنے پیغام میں اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران، دہشتگردی کی بھینٹ چڑھا ہے اس لئے اس نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر اپنے دفاع کے حق کا استعمال کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف کارروائی کی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مندوب نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ایران کی کارروائی کرمان میں حالیہ دہشتگردانہ حملوں کے ردعمل میں انجام پائی ہے جس میں خواتین اور بچوں سمیت ایک سو سے زیادہ بے گناہ شہری شہید اور متعددہ زخمی ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری داعش دہشتگردوں نے قبول کی تھی۔