چین اور مصر کا غزہ میں جامع اور دیرپا جنگ بندی کا مطالبہ

339

قاہرہ:چین اور مصر نے غزہ کی پٹی میں فوری اور جامع جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی نے مصری وزیر خارجہ سمیح شاکری کے ساتھ بات چیت کی، دونوں فریقین نے غزہ بحران سمیت فلسطین کے مسئلے اور فلسطین اسرائیل تنازع پر تبادلہ خیال کیا۔

فلسطین تنازع پر مشترکہ بیان میں فریقین نے تشدد، قتل و غارت ، شہریوں اور شہری تنصیبات پر حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

 فریقین نے بین الاقوامی انسانی قوانین اور بین الاقوامی انسانی حقوق قوانین سمیت عالمی قوانین کی تمام خلاف ورزیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

فریقین نے غزہ کی پٹی میں بگڑتی انسانی صورتحال اور اس کے رہائشیوں کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں بلا روک ٹوک رسائی کے ساتھ مناسب، تیز رفتار، محفوظ اور پائیدار انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں ممالک نے عالمی برادری اور عطیہ دہندگان سے کہا کہ وہ فلسطینی اتھارٹی کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں تاکہ اسے تمام مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنے ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد مل سکے۔