ثمر باغ:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ خاندانوں کی حکمرانی اور باریوں کے راستے بند، عوام بیدار ہوچکے۔ خاندانوں پر مشتمل سیاسی جماعتیں اسٹیٹس کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں، اختیارات عوام کو منتقل ہوتے دیکھنا انہیں ڈراؤ نے خواب کی طرح لگتا ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ جماعت سلامی سمجھتی ہے استحکام اور امن کا راستہ پولنگ سٹیشن سے ہوکر گزرتا ہے، الیکشن التوا سے متعلق سینیٹ قراردادوں کی کوئی اہمیت نہیں، ان سے ایوان کا وقار مجروح ہو رہا ہے، جماعت اسلامی اقتدار میں آکر مہنگائی ختم کرے گی، سود پر پابندی لگا کر معیشت کو سنواریں گے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ کرپٹ اور آزمودہ حکمران کرپشن ختم کرسکتے ہیں نہ ان سے ملک ٹھیک ہوگا، جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی، یہ شمع جلائے رکھیں گے، قوم8 فروری کو ترازو پر مہر لگائے، وعدہ کرتے ہیں انہیں مایوس نہیں کریں گے۔
امیر جماعت نے کہا کہ سابقہ حکمران ماضی کی طرح جھوٹے اعلانات کر کے عوام کواس بار بھی دھوکا دینے کی کوشش میں ہیں ، ان کی سالہا سال کی حکومتی کارکردگی صفر ہے، یہ خدانخواستہ آیندہ بھی اقتدار میں آئے تو ملک کے حالات نہیں بدلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا اور اداروں کی آشیرباد سے اقتدار کے حصول کے راستے بند ہونے چاہییں، جمہوری اور ترقی یافتہ ریاستوں میںعوام فیصلے کرتے ہیں،پاکستانیوں کو بھی ان کا حق ملنا چاہیے۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی سیاسی پارٹی میں شفاف انٹرا پارٹی الیکشن نہیں ہوتے، عدالتیں آزاد ہوں گی تو ملک ترقی کرے گا۔