نواز شریف نہیں، قدرت کا نظام ظالموں سے انتقام لے رہا ہے،مریم نواز

205
women's day

اوکاڑہ: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نہیں بلکہ قدرت کا نظام ظالموں سے انتقام لے رہا ہے۔

انتخابات کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ نواز شریف پر ظلم کرنے والا ہر کردار اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے اور یہ سب نواز شریف نہیں کررہا بلکہ قدرت کا نظام ظالموں سے انتقام لے رہا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا نہیں بلکہ وہ ڈنڈا تھا، جسے انہوں نے غریب عوام پر چلایا، اسی ڈنڈے سے عسکری تنصیبات پر حملے کیے۔ مریم نواز نے کہا کہ کسی دہشت گرد پارٹی کو سیاسی جماعت کا نشان نہیں دیا جا سکتا۔ظالم کو آج اپنا منہ چھپانا پڑ رہا ہے، کبھی پلستر چڑھوا کر تو کبھی وہیل چیئر پر بیٹھ کر ڈراما کیا جاتا ہے۔ دوسروں کو چور کہہ کر مخاطب کرنے والے نے گھڑی تک نہیں چھوڑی، ان کا انتخابی نشان تو چوری شدہ گھڑی ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شور مچایا جا رہا ہے کہ انتخابی نشان واپس لے لیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کا فراڈ پکڑا گیا ہے، ایسے لوگوں کو عبرت کا نشان ملتا ہے انتخابی نشان نہیں ملتا۔

مریم نواز نے کہا کہ انتخابات کے نتیجے میں جتنی مضبوط حکومت نواز شریف کو ملے گی، اتنی ہی بہتر سہولتیں عوام کو بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو اوکاڑہ میں شیر دھاڑے گا۔