ہری پور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں ہماری حکومت ہوتی تو اسرائیل ایک گولی بھی نہیں چلا سکتا تھا، فلسطین کے حالات سب کے سامنے ہیں، بچے زندہ جل رہے ہیں، مسجد اقصی ہم کو پکار رہی ہے لیکن اسلام آباد والوں نے ڈر کا کفن اوڑھ رکھا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ تمام پارٹیوں کے سربراہان خاموش ہیں، امریکی خوف کی وجہ سے ایک جلسہ نہیں کیا، ہم نے مارچ کیے، تمام جماعتوں کو اکٹھا کیا، سفارتخانوں میں دستک دی، ہم نے ایران، ترکی حکومت سے رابطہ کیا کہ ہم کو راستہ دیں۔
سراج الحق نے کہا کہ ہم نے اسماعیل ہانیہ سے رابطہ کیا ان کے ساتھ مل کر دشمن کے ساتھ لڑنا چاہتے ہیں، ہمارے راستے میں مسلمان رکاوٹ ہیں، ہم نے رقم جمع کر کے ان کو فراہم کی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مجھے کہا تھا کہ ہمارا ساتھ دیں مگر ہماری جماعت نظریاتی جماعت ہے، ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں، اب تک اکیلا کھڑا ہوں، ترازو کے نشان پر جماعت اسلامی پورے ملک سے الیکشن لڑے گی۔