عمران خان کیخلاف سائفر کی طرح دیگر کیسز بھی کالعدم قرار پائینگے، بیرسٹر گوہر

297

راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی طرح دیگر کیسز بھی کالعدم قرار پائے جائیں گے۔

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ عدالتی فیصلے کا احترام کرے۔ پھر بھی الیکشن کمیشن اگر پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتا ہے تو ہمیں وہاں سے بھی انصاف ہی کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے الیکشن کمیشن کی درخواست پر کسی بھی فیصلے تک پی ٹی آئی کا بلے کا انتخانی نشان بحال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج عمران خان کے 2 مقدمات پر سماعت ہوئی، جس میں سے ایک میں وہ جوڈیشل ہو گئے۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے جس طرح سائفر کیس کی سماعت کو کالعدم قرار دیا ہے، ہم پرامید ہیں کہ دیگر کیسز کے ٹرائل بھی کالعدم قرار دیے جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آج رات تک انتخابی ٹکٹوں کا اعلان کردیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ ہمیں انتخابی نشان کا سرٹیفکیٹ جاری کردیا جائے۔