لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور غذائیت کم ہونے پر 1900 لیٹر سے زائد دودھ تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے علی الصبح لاہور کے علاقے بابوصابو، سگیاں، راوی ٹول پلازہ پر سخت ناکہ بندی کی، جس کے دوران 50 سے زائد گاڑیوں میں موجود دودھ کا معائنہ کیا گیا۔
زرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور فیٹ کم ہونے پر 19 سو لیٹر سے زائد دودھ تلف کر دیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق غیر معیار ی دودھ لاہور کی مختلف سوسائٹیز اور دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا، غیر معیاری دودھ کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گھر میں استعمال ہونے والے دودھ کو پنجاب فوڈاتھارٹی کے دفتر سے مفت چیک کروایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پنجاب کے شہر راولپنڈی میں ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 700 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کر دیا تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا تھا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راولپنڈی شہر میں دودھ کی 24 دکانوں کو چیک کیا، اس دوران 700 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا۔
واضح رہے کہ انہوں نے مزید بتایا تھا کہ جعل سازی پر 9 دکانوں کو ایک لاکھ 61 ہزار کے جرمانے بھی کیے گئے۔