لاہور:بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے بعد فی الوقت انتخابات سے مکمل باہر ہو گئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 اور میانوالی 89 سے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل خارج کردی، جس کے بعد عمران خان فی الوقت انتخابی میدان سے باہر ہو گئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل کے جسٹس طارق ندیم نے لاہور کے حلقہ این اے 122 سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔ انہوں نے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا، جس کے تحت عمران خان کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے ریٹرننگ افسر (آر او) نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ امیدوار کے تائید کنندہ کا تعلق اس حلقے سے نہیں ہے۔
دوسری جانب الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے بھی اپیل خارج کردی جس کے بعد بانی عمران 8 فروری کے الیکشن سے مکمل باہر ہو گئے۔ الیکشن ٹربیونل کے جج چودھری عبدالعزیز نے محفوظ فیصلہ سنا یا اور ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے تمام اعتراضات درست قرار دے دیے۔
دونوں فیصلوں کے بعد عمیر نیازی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ لارجر بینچ میں چیلنج کریں گے۔