اسلام آباد: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کے 24 کروڑ لوگوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے پختونخوا میں پولیو ٹیم کے ساتھ جانے والے پولیس اہل کاروں پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی۔ اجلاس میں شہدا کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
اس موقع پر نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہدا کی ملک کے لیے دی گئی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ہم ان کے لواحقین کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پولیو کا مشن مکمل انسداد تک ہر صورت جاری رہے گا۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئی منصوبوں کی توثیق اور منظوریاں دی گئیں، جن میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں وفاقی تعلیمی ڈائریکٹوریٹ کی پیش کردہ سمری اور فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 227 یومیہ اجرت پر کام کرنے والے اساتذہ کی مستقل بنیادوں پر تعیناتی کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی، جس کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔
وفاقی کابینہ نے وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر سپریم کورٹ بلڈنگ کمیٹی کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے لیے زیر تعمیر نئی عمارت میں کراچی بھر میں مختلف مقامات پر قائم تمام فیڈرل کورٹس اور ٹربیونلز کی منتقلی اور عمارت کے ڈیزائن میں ضروری ترامیم کرنے کی منظوری دے دی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری اپنی موجودہ عمارت میں کام جاری رکھے گی۔