اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 20 گواہ پیش کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کے حوالے سے نیب کے گواہوں کی فہرست سامنے گئی، جس کے مطابق بشریٰ بی بی اور عمران خان کے خلاف نیب 20 گواہ پیش کرے گا۔ فہرست کے مطابق پرائیویٹ طور پر تحفے کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی بھی بطور وعدہ معاف گواہ پیش ہوں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں ملٹری سیکرٹری اور ڈپٹی ایم ایس بھی نیب کے گواہوں میں شامل ہیں جب کہ فہرست میں ایک وعدہ معاف گواہ بھی شامل ہے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی قونصلیٹ جنرل دبئی رحیم اللہ، توشہ خانہ کے سیکشن افسران بھی گواہی دیں گے۔ پی ایم آفس کے اسسٹنٹ سیکرٹری پروٹوکول زاہد سرفراز بھی نیب کے گواہان کی فہرست میں شامل ہیں۔