راولپنڈی ، سوات:سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اورپی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں مسترد کردی گئیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے الیکشن ٹریبونل نے فواد چودھری کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 60 اور 61 جہلم سے کاغذات نامزدگی کی اپیلیں مسترد کردیں۔
الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس چودھری عبدالعزیز نے فیصلے میں فواد چودھری کیخلاف تمام اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے آر او کا فیصلہ برقرار رکھا، جس کے نتیجے میں فواد چودھری انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ واضح رہے کہ ان کی اہلیہ حبا چودھری پہلے ہی نااہل ہو چکی ہیں۔
فواد چودھری کے وکیل ان کے بھائی فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے ردعمل میں کہا کہ ٹریبونل کے فیصلے کو ہائی کورٹ کے لارجر بینچ میں چیلنج کیا جائے گا۔
دریں اثنا سوات میں بھی الیکشن ٹربیونل نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی اپیل خارج کرتے ہوئے کاغذات مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ برقرار رکھا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ مراد سعید کا مختیار نامہ توثیق شدہ نہیں ہے اور وہ خود بھی پیش نہیں ہوئے۔واضح رہے کہ مراد سعید نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 3 اور 4 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔