کراچی: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کراچی کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ صارفین کی قوت خرید کے مطابق پالیسی تشکیل دی جائے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ کے الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے حل نکالا جائے۔ کراچی کے لیے بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور بجلی صارفین کی قوت خرید اور ان کی بہبود پالیسی کا محور ہونا چاہیے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس عبداللہ علوی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، جس میں چیف فنانس آفیسر عامر غزینی اور ریگولیٹری آفیسر عمران قریشی شامل تھے۔
اس موقع پر نگراں وفاقی وزیر توانائی محمد علی، چیئرمین نیپرا وسیم مختار، چیف ایگزیکٹو آفیسر سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی ریحان اختر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو کے الیکٹرک کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔
وفد نے وزیراعظم کا کے الیکٹرک کے دیرینہ مسائل حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔وفد نے کے الیکٹرک کے لیے 390 ارب روپے کے سرمایہ کاری پلان اور قابل تجدید توانائی کے 640 میگاواٹ کے منصوبوں کے لیے نرخوں کی منظوری اور 1000 میگا واٹ اضافی بجلی کی فراہمی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور کے الیکٹرک کے باہمی تعاون سے کراچی کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کو مثبت پیغام ملا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت توانائی کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کے دیگر مسائل کا باہمی مشاورت سے مستقل حل نکالا جائے۔