روالپنڈی: تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان کے غیرملکی جریدے میں مضمون چھپنے کے معاملے پر جیل حکام نے واضحات پیش کردیں۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق جیل حکام نے مضمون چھپنے کے حوالے سے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے نام سے بیرون ممالک کے اخبارات میں چھپنے والا مضمون جیل سے نہیں لکھا گیا، اس حوالے سے ہم نے باقاعدہ تحقیقات کیں ہیں۔
جیل حکام نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی باقاعدہ مشینوں کے ذریعے چیکنگ کی جاتی ہے، جن کی باقاعدہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈنگ کی جاتی ہے، عمران خان سے ملنے والے خالی ہاتھ آتے اور اُسی طرح لوٹ جاتے ہیں، چھپنے والا مضمون اگر جیل سے لکھا گیا ہوتا تو ہم اپنی کارروائی کرچکے ہوتے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برطانوی جریدے دی اکنامسٹ میں عمران خان کے نام سے چھپنے والے مضمون میں ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ پر الزام لگایا گیا تھا کہ امریکا کے دباؤ پرہی پی ٹی آئی کی حکومت گرائی گئی۔