عام انتخابات:جماعت اسلامی کوئی غیر آئینی اقدام قبول نہیں کرے گی، سراج الحق

396
not acceptable

دوحا: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے تناظر میں جماعت اسلامی کوئی غیر آئینی اقدام قبول نہیں کرے گی۔

قطر کے دارالحکومت میں پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ہے، یہ بیرونی ممالک میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت کو سہارا دینے میں ان کا کلیدی کردار ہے، انہیں پورا حق ہے کہ ان کی نمائندگی پاکستان کے ایوانوں میں موجود ہو۔

سراج الحق کاکہنا تھا کہ اوورسیز کے مسائل کو حل کرنے میں پاکستان کے سفارت خانوں کو پوری طرح متحرک ہونا ہوگا۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر اوورسیز کو وی آئی پی درجہ دے گی۔ ائیرپورٹس پر ان کو خصوصی پروٹوکول ملے گا،ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی پاکستان میں موجود فیملیز اور پراپرٹی کی مکمل حفاظت یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے بچوں کے لیے ملک کے تمام شہروں میں بہترین تعلیم کو یقینی بنایا جائے گا، جماعت اسلامی اللہ کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آکر ملک میں اوورسیز یونیورسٹی قائم کرے گی۔

پاکستانی کمیونٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالامال ملک ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو اہل اور ایماندار قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ روایتی سیاسی جماعتوں کے پاس ملک کے مسائل کا حل نہیں ہے۔  جماعت اسلامی نہ صرف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کا مطالبہ کرتی ہے بلکہ ہم ان کے لیے پارلیمنٹ میں نشستیں مختص کرنے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی غیر دستوری اقدام کو قبول نہیں کرے گی۔ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہونا چاہیے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی نے ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے دوچار کیا ہے، ان جماعتوں کی قیادت عوام کے دکھ درد کا احساس کرنے سے عاری ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی اور خالصتاً اپنے پروگرام کی بنیاد پر عوام کے سامنے جائے گی۔ ہم ملک کو معاشی خود انحصاری کے راستے پر ڈالیں گے تاکہ بیرونی قرضوں سے نجات حاصل ہو سکے۔ امیر جماعت اسلامی نے حاضرین کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دوحا (قطر) میں ایران، قطر، ترکی، لبنان، افغانستان کے وفود اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں اور اتحاد العالمی ا لعلما المسلمین کے فلسطین کے موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پران کے ہمراہ ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ ساجد انور، نائب امیر کے پی مولانا محمد اسمعیل اور معتمد امیر جماعت سمیع الحق شیر پاؤ بھی موجود تھے۔

سراج الحق نے دوحا میں ترکی کی سعادت پارٹی کے پارلیمنٹرین حسن ہتمز کی وفات پر ان کے دیرینہ ساتھی یلماز کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

اسلامی ممالک کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ غزہ میں صہیونی افواج کی مسلسل بمباری سے خواتین بچوں سمیت ہزاروں شہادتیں ہوچکی ہیں، اسرائیل اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی پروا کیے بغیر فلسطین میں جنگی جرائم کا انعقاد کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر مسلمان حکمران امت کے جذبات کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے مظلوموں کی عملی مدد کریں۔ جماعت اسلامی نے پاکستان کے بڑے شہروں میں اہل فلسطین کے حق میں ملین مارچز کا انعقاد کیا اور قومی فلسطین کانفرنس منعقد کی جس میں ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ پاکستانی قوم اہل فلسطین کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔