راولپنڈی:پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا، ہم عدم اعتماد لائیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت نے کہا کہ تحریک انصاف چیف جسٹس کے رویے کی مذمت کرتی ہے، انہیں کوئی حق نہیں کہ پی ٹی آئی یا ان کے وکلا کی تضحیک کریں۔ پی ٹی آئی کو لگتا ہے کہ چیف جسٹس کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا، ہم چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر عدم اعتماد کا اعلان کررہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق شیر افضل مروت نے کہا کہ آج لیگل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرکے سپریم کورٹ میں زیر سماعت کیسز پر گفتگو کی لیکن فاضل چیف جسٹس کا تحریک انصاف کے وکلا کے ساتھ رویہ توہین آمیز ہے۔ فاضل چیف جسٹس سمجھتے ہیں ملک میں امن و آشتی ہے۔پی ٹی آئی کے 12 سو کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے ہیں لیکن ہمارے کیسز کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمیر نیازی کو توہین عدالت کا نوٹس بھیجا لیکن آر اوز کے کنڈکٹ پر نوٹس نہیں لیا جا رہا، ہمارے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو اغواء کیا جا رہا ہے، بہتر ہوگا پی ٹی آئی کے کیسز کے لیے علیحدہ بینچز بنائے جائیں۔ چیف جسٹس پی ٹی آئی دور میں دائر کیے گئے ریفرنس کا بغض نہیں نکال سکے ۔ ہم نے قاضی فائز عیسیٰ کے چیف جسٹس بننے پر مبارک باد دی تھی، ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا ہے لیکن پی ٹی آئی توہین برداشت نہیں کرسکتی۔