فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے کوئی نہیں نکال سکتا، امریکا

598

واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے کوئی بے دخل نہیں کر سکتا۔ غزہ فلسطینیوں کا ہے اور ان ہی کا رہے گا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ترجمان امریکی وزارت خارجہ میتھیو ملر نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ غزہ کی سرزمین فلسطینیوں کی ہے اور ان ہی کی رہے گی۔ فلسطینیوں کو وہاں سے کوئی نکال نہیں سکتا۔

ایک صحافی نے میتھیو ملر سے سوال کیا کہ اسرائیلی وزرا مسلسل فلسطینیوں کو غزہ سے نکلنے یا نکالنے کی سنگین دھمکیاں دے رہے ہیں، جس پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا اسرائیلی وزرا کی ان دھمکیوں کی مذمت کرتا ہے جس میں انہیں غزہ سے نکلنے کا کہا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ فلسطینیوں کی سرزمین ہے اور ان ہی کی رہے گی۔

ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزرا فلسطینیوں کو غزہ سے نکل جانے کا بیان اشتعال انگیز اورغیرذمے دارانہ ہے۔ فلسطینی تحریک مزاحمت سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب حماس کا کوئی مستقبل نہیں اور نہ ہی کوئی عسکریت پسند گروپ اسرائیل کے لیے خطرہ ہے۔