پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان کیس پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کرتے ہوئے حکم امتناع واپس لے لیا۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات اور انتخابی نشان کیس میں الیکشن کمیشن کی ہائیکورٹ آرڈر پر نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، جس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے وکیل اور تحریک انصاف کے سینئر وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن نے 26 دسمبر کو سنے بغیر پشاور ہائی کورٹ کے حکم امتناع جاری کرنے پر اعتراض اٹھایا۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی درخواست کو منظور کرلیا۔
عدالت نے چند گھنٹوں بعد فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل منظور کی اور حکم امتناع واپس لے کر الیکشن کمیشن کا 22 دسمبر کا فیصلہ بحال کردیا، جس سے پی ٹی آئی سے ایک بار پھر بلے کا نشان چھن گیا۔