راولپنڈی:توہین الیکشن کمیشن کیس میںبانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چو ہدری پر فردجرم عائد کردی گئی۔
بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کے خلاف راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توہین الیکشن کمیشن کے کیس کی سماعت ہوئی جہاں الیکشن کمیشن کے چار رکن بینچ نے سماعت کی۔
سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری کمرہ عدالت میں موجود تھے۔اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی وکلا نے درخواست کی کہ قانونی ٹیم کے سربراہ شعیب شاہین سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، فرد جرم آج عائد نہ کی جائے، اس کیس میں عجلت نہ کی جائے۔ وکلا نے جیل ٹرائل کے خلاف بھی استدعا کی۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی دونوں درخواستیں مسترد کردیں۔
ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے عمران خان اور فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کردی۔عدالت میں ملزمان کو فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی جس پر انہوں نے چارج شیٹ میں لگے الزامات سے انکار کردیا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 16 جنوری تک ملتوی کردی۔