ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم:6 بھارتی کھلاڑی صفر پر آؤٹ

594

کیپ ٹاؤن: ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ درج ہوا ہے، جس میں بھارتی ٹیم کے 6 کھلاڑی صفر رنز پر آؤٹ ہو گئے۔

جنوبی افریقا میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا کے بالرز نے بھارت کے 6 بلے بازوں کو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین کی راہ  دکھادی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کسی ٹیم کے 6 کھلاڑی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے ہوں۔

میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 55 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد ایک موقع پر بھارت نے 4 وکٹ پر 153 رنز بنالیے تھے لیکن پھر جنوبی افریقی بالرز نے کھیل کی بساط پلٹ کر رکھ دی۔

جنوبی افریقی بالر لونگی اینگیڈی نے ایک اوور میں کے ایل راہول، روندرا جڈیجا اور جسپریت بمرا کو چلتا کردیا۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں رباڈا نے ویرات کوہلی کو باہر کیا، اس کے بعد سراج رن آآٹ ہو گئے اور پھر اسید کرشنا بھی رباڈا ہی کا شکار بنے۔ اس طرح بھارتی ٹیم 153 ہی کے اسکور پر میدان سے باہر جانے پر مجبور ہوئی۔

واضح رہے کہ ماضی میں ٹیسٹ کرکٹ میں4 بار اس طرح کے مواقع آئے جب کوئی ٹیم بغیر کوئی رن کے اضافے پر 5کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی ہو ۔ ان 4 میں سے 3 مرتبہ بیٹنگ سائیڈ نیوزی لینڈ کی رہی ۔

1946 میں آسٹریلیا کے خلاف، 1965 میں پاکستان کے خلاف اور 2012 میں جنوبی افریقا کے خلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم بغیر کوئی رن کے اضافے کے 5 کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی ۔ 1965 کے جس میچ میں پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی ٹیم بغیر کوئی رن اضافہ کیے 5 وکٹوں سے محروم ہوئی تھی ۔اس ہی اننگ میں کیویز نے 6 وکٹیں ایک رن کے اضافے سے گنوائی تھی اور آج سے قبل 6 وکٹوں کے گرنے میں یہ کم سے کم بننے والا اسکور تھا ۔