پشاور:مولانا فضل الرحمن کے بیٹے مولانا اسعد محمود پر حملے سے متعلق بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے قافلے پر گزشتہ دنوں ڈیرہ اسماعیل خان میں مبینہ حملے کے بعد ان کے بیٹے سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود کو بھی ایڈوائزری نوٹس جاری کردیا گیا۔
مولانا اسعد محمود کو جاری ایڈوائزری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کی طرف سے آپ کو دوران سفر یا رہائش گاہ پر ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔ غیر ضروری سفر اور اجتماعات سے گریز کریں۔ اپنی حرکات وسکنات کو خفیہ رکھیں۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ انتظامیہ کا کام صرف نوٹس جاری کرنا رہ گیا ہے؟، صرف نوٹس جاری کرنے سے انتظامیہ کی ذمے داری پوری نہیں ہوجاتی، آئے روز نوٹس آرہے ہیں لیکن انتظامیہ، الیکشن کمیشن اور عدلیہ کو کوئی پروا نہیں۔ کیا ہم سمجھ لیں کہ دہشت گردی کی ان خبروں کے پیچھے کوئی بڑی سازش کارفرما ہے؟، امن کی بات کرتے ہیں تو چیف الیکشن کمیشن غیر سنجیدہ کمنٹس کرتے ہیں۔