پاک چین کے تعلقات کا مستقبل نہایت روشن ہے، مرتضی سولنگی

338
nothing to do

اسلام آباد:نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ کوئی ملک دنیا سے الگ رہ کر ترقی نہیں کر سکتا،ترقی ایک دوسرے کے ساتھ مل کر ہی ممکن ہے، ترقی کے ثمرات اور فوائد تبھی پہنچتے ہیں جب ترقی محدود نہ رہے۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ  پاکستان اور چین کے تعلقات ہمیشہ سدا بہار رہے ہیں، صدر شی جن پنگ کا ترقی کا نظریہ عالمگیر ترقی پر مبنی ہے، چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انی شی ایٹو کی دنیا قدر کر رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے سے پاکستان اور چین کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہوئے، اس وقت سی پیک کے تحت بہت سے نئے شعبوں میں کام ہو رہا ہے،انفارمیشن ٹیکنالوجی، مائننگ، اسپیشل اکنامک زونز، زراعت، ایگرو بیسڈ انڈسٹری اور ٹور ازم کے شعبوں میں تعاون فروغ پا رہا ہے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی نئی راہیں کھلتی جا رہی ہیں، پاک چین دوستی صرف نعروں تک محدود نہیں، دونوں ممالک کے تعلقات کا مستقبل نہایت روشن ہے، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں۔